پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کور کمانڈر کے گھر اور جی ایچ کیو پر جو واقعہ پیش آیا، اُس پر سب رنجیدہ ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے ہر شخص رنجیدہ ہے، ہر انسانی دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ میرا تعلق جہلم سے ہے یہ ضلع شہیدوں اور غازیوں کا مسکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کور کمانڈر کے گھر اور جی ایچ کیو پر جو واقعہ پیش آیا سب اس پر رنجیدہ ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بطور ترجمان پی ٹی آئی سمجھتا ہوں کہ یہ واقعات شرمناک ہیں، ان واقعات میں جو بھی ملوث ہیں انکوائری کی جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں جو ملوث ہو تعلق پی ٹی آئی سے ہو یا نہ ہو انکوائری کے بعد سزا ملنی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اگر گرفتار کیا جاتا ہے تو گرفتاری دینے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان سے تعلق ہے جس کا پاکستان سے تعلق ہے اس کا پاک فوج سے تعلق ہے، اسی نکتہ نظر کو سامنے رکھ کر ہمیں اپنی پالیسیاں بنانی چاہیے۔
فواد چوہدری کے ہمراہ اُن کی اہلیہ بھی تھی، پی ٹی آئی رہنما گاڑی میں بیٹھ کر اسلام آباد ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے۔
Comments are closed.