بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا بڑھا تو IPL بھارت یا امارات کے بجائے کہاں ہوگی؟ نام سامنے آ گئے

کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کے حوالے سے پلان بی بنا رہا ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق اگر اپریل تک کورونا کے کیسز اسی طرح بڑھتے رہے تو آئی پی ایل15 کا انعقاد جنوبی افریقا یا سری لنکا میں کیا جا سکتا ہے۔

بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے آئی پی ایل کے آخری دو سیزن یو اے ای میں منعقد کیے گئے۔ جہاں آئی پی ایل 2021 کا پہلا ہاف ہندوستان میں کھیلا گیا، سیزن کا دوسرا ہاف یو اے ای میں کھیلا گیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا انعقاد بھی بھارت میں ہونا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے یو اے ای کو بھی ورلڈ کپ کا میزبان بنا دیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ایک بی سی سی آئی اہلکار نے کہا، ہم ہر وقت صرف یو اے ای پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔ ہمیں دوسرے آپشنز تلاش کرنے ہوں گے۔ جنوبی افریقااور بھارت کے وقت کا فرق بھی کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو کافی سوٹ کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا بی سی سی آئی کے پلان بی میں سب سے آگے ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کے مطابق افریقا بورڈ نے ہندوستان اے اور جنوبی افریقا اے کے درمیان سیریز کا شاندار انعقاد کیا تھا۔

پوری سیریز کے دوران ایک بھی کورونا کیس سامنے نہیں آیا، اس کے ساتھ ہی جب سے ویرات کوہلی کی ٹیم افریقا پہنچی ہے، افریقی بورڈ نے ان کے لیے سب کچھ بہت اچھا کیا ہے۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹیم جس جگہ پر دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹھہری تھی وہ کئی ایکڑ پر پھیلی ہوئی تھی، یہاں ایک تالاب بھی تھا اور اس نے ان کھلاڑیوں کے لیے چیزیں آسان کر دیں جو گزشتہ برسوں میں کئی غیر ملکی دوروں پر Bio Bubble کی وجہ سے اپنے کمروں تک محدود ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کو 2009 میں جنوبی افریقا منتقل کر دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرکٹ سری لنکا نے گزشتہ برس آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی میزبانی کی پیشکش کی، انہوں نے حال ہی میں بہت شاندار طریقے سے لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا، ایسے میں سری لنکا بھی بی سی سی آئی کے لیے بہترین آپشن ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.