
کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پُراسرار طور پر مرنے والی خاتون کے والد نے ساس اور شوہر پر تشدد سے بیٹی کو قتل کرنے کا شبہ ظاہر کردیا۔
کورنگی مہران ٹاؤن میں خاتون پُراسرار طور پر ہلاک ہوگئی۔ شوہر کا کہنا ہے کہ صبح سو کر اٹھے تو بیوی کو دیکھا تو اُس کا انتقال ہوچکا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون کے پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی وجہ کا تعین ہوسکے گا۔
لڑکی کے والد نے ساس اور شوہر پر خاتون کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے بیٹی کےلیے نئے کپڑے اور پھل لے کر اس سے ملنے نکلا تھا، اطلاع ملی بیٹی جناح اسپتال میں ہے۔
والد نے مزید کہا کہ جناح اسپتال پہنچ کر دیکھا بیٹی کی لاش پڑی تھی۔ بیٹی کی عمر 19 سے 20 سال تھی، دور کے رشتہ داروں میں7 ماہ قبل بیٹی کی شادی کی تھی۔
لڑکی کے والد نے یہ بھی کہا کہ اولاد کےلیے میری بیٹی کو اُس کی ساس تعویز پلایا کرتی تھی، کل رات بھی بیٹی سے بات ہوئی، وہ بالکل ٹھیک تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹی اکثر اپنی ماں سے ساس اور شوہر کے تشدد کی شکایت کیا کرتی تھی، شبہ ہے کہ ساس اور شوہر کے تشدد سے میری بیٹی کی موت ہوئی ہے۔
خاتون کے شوہر نے کہا کہ میری بیوی کی موت کیسے ہوئی علم نہیں، رات کو کام سے گھر آیا تو ہم نے ساتھ کھانا کھایا۔
شوہر نے مزید کہا کہ صبح اٹھا تو روما فوت ہوچکی تھی، بیوی سے کبھی جھگڑا نہیں ہوا نہ ہی میں نے کبھی اس پر تشدد کیا۔
پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا، خاتون کے والد کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
Comments are closed.