وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے، مافیاز کو قانون کے نیچے لا رہے ہیں، بڑے بڑے سیاسی مافیاز قانون کی بالادستی کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔
لاہور میں اپنے ایک روز دورے پر ایل ڈی اے اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں، پہلی بار مافیاز کو قانون کے نیچے لا رہے ہیں، پاکستان میں آج قانون کی بالادستی کی جنگ چل رہی ہے، برطانیہ میں کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں قانون سے بالا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں بینکوں سےقرض لے کر گھر بنانے کا رواج ہے۔ کرائے کی رقم بینکوں کی قسطوں میں ادا کر کے گھر کے مالک بن سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ شعبہ تعمیرات اب تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ تعمیراتی شعبہ اور اس سے جڑی مزید صنعتیں چل پڑی ہیں۔ مارچ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی پیدا وار ہوئی ہے۔ تعمیراتی شعبےکے ساتھ مزید 30 شعبے جڑے ہوئے ہیں۔ تعمیرات کے شعبے سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب ایک سسٹم میں برائی،کرپشن اور رکاوٹیں آجاتی ہیں تو تبدیلی میں وقت لگتاہے۔اسٹیٹس کو تبدیلی میں رکاوٹیں لاتا ہے۔ ہم نے پورے سسٹم کو خراب ہوتے ہوئے دیکھا۔ ہر ادارے میں آٹو میشن کی مخالفت کی جاتی ہے۔ آٹو میشن کی صورت میں مشین تو رشوت نہیں لیتی۔
انہوں نے کہا کہ نقشے پھنس جاتے تھے۔ تعمیرات کے لیے اجازت نہیں ملتی تھی۔ ایک سسٹم بن گیا تھا کہ رشوت دیں گے تو کام ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے غریب خاندانوں کی ڈائریکٹ معاونت کریں گے۔ کسانوں کوڈائریکٹ سبسڈی دی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ غربت خیبرپختونخوا میں کم ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں ہرشہری کوہیلتھ کوریج دی جارہی ہے۔ ہیلتھ کارڈغریبوں کے لیے بہت بڑی نعمت ہے۔
Comments are closed.