پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تارکین وطن کی بیدخلی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی سیاسی جماعت کسی غیر قانونی کام کی حمایت نہیں کر سکتی۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی سمیت سب سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت میں شامل ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ آپ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، 8 فروری کو الیکشن ہوگا، بہتر ہوتا کہ الیکشن کیلئے سپریم کورٹ کو مداخلت نہ کرنی پڑتی، پیپلز پارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلد نہیں ملی، اس لیے امید نہیں رکھتے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم اس وقت فلسطینیوں کی نسل کشی کو سوشل میڈیا پر دیکھ رہے ہیں، دنیا کے حکمران خاموش ضرور ہیں مگر عوام خاموش نہیں ہیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ سابق صدر پیپلز پارٹی ضلع وسطی سہیل انصاری کی رہائش گاہ پر بھی بلاول بھٹو کی آمد ہوئی، پی پی چیئرمین نے سہیل انصاری کے انتقال پر ان کی بیٹیوں سے تعزیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم سہیل انصاری کی بیوہ ناصرہ سہیل کیلئے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سہیل انصاری نے آمرانہ دور کی سختیاں برداشت کیں۔
انہوں نے کہا کہ سہیل انصاری نے بھٹو ازم کا پرچم آخری سانس تک تھامے رکھا، پیپلز پارٹی کے کارکنوں کیلئے ان کی جدوجہد مثالی ہے، جمہوریت اور آئین کی بالا دستی کیلئے ان کی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔
پی پی چیئرمین نے جے ڈی سی کے تحت چلنے والے مختلف اداروں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ظفر عباس نے ہمارے ساتھ اچھا کام کیا، معاشی بحران کے دوران لوگوں کو سہولت فراہم کی گئی، حکومت اگر فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے تو زیادہ فائدہ ہوگا۔
Comments are closed.