پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرنے والے غضنفر بلور کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی سیاست نہ سکھائے، مجھے اچھی طرح سیاست آتی ہے۔
پشاور میں غضنفر بلور نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی غلام احمد بلور کو والد کا درجہ دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت میرا ذاتی فیصلہ ہے، میرے خاندان میں کسی قسم کا تنازع نہیں ہے، میرا تعلق بزنس کمیونٹی سے ہے۔
تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے غضنفر بلور نے کہا کہ 2013ء میں الیکشن لڑ چکا ہوں، جو کہتے ہیں میں سیاسی نہیں، وہ میرے بعد سیاست میں آئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں وزیرِ اعظم عمران خان کی پالیسیز پر مکمل اعتماد کرتا ہوں، وہ ملک کو ترقی نہ دیتے تو کے پی میں پی ٹی آئی کی دو بار حکومت نہ آتی۔
واضح رہے کہ غضنفر بلور 2 روز قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہوئے ہیں۔
غضنفر بلور کے والد الیاس بلور اور خاندان کے بیشتر افراد عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے وابستہ ہیں۔
گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے جاری کیئے گئے ایک بیان میں اس حوالے سے کہا تھا کہ غضنفر بلور کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ انفرادی ہے، بلور خاندان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلور خاندان اے این پی کے ساتھ ہے اور رہے گا، غضنفر بلور کو اس فیصلے پر ایک دن پچھتاوا ہو گا، غضنفر بلور بھول گئے کہ ان کے والد پر تشدد کیا گیا تھا، جب وہ سیاست میں بھی نہیں تھے، ہم چاروں بھائیوں نے 4 دہائیوں تک مشکلات اور حالات کا مقابلہ کیا۔
سینئر رہنما اے این پی حاجی غلام احمد بلور کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلور خاندان نے پارٹی کے لیے 3 جانوں کی قربانیاں دیں لیکن اس قسم کے فیصلے نہیں کیے، بشیر بلور شہید، ہارون بلور شہید اور شبیر بلور شہید جیسی قربانیوں کی مثال ملک میں نہیں ملے گی۔
اس حوالے سے اے این پی خیبر پختون خوا کے ترجمان ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ غضنفر بلور غیر سیاسی ہیں، اے این پی میں شامل بلور خاندان پارٹی کے ساتھ ہے، غضنفر بلور کو پی ٹی آئی میں عہدہ مل رہا ہے تو ان کے ساتھ ہماری نیک خواہشات ہیں۔
Comments are closed.