کوئٹہ میں رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد ہونے والا یومِ عاشور کا مرکزی جلوس مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا بعد نماز مغرب علمدار روڈ کی امام بارگاہ ہزارہ نچاری پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
کوئٹہ میں 32 ماتمی دستوں پر مشتمل یوم عاشور کا مرکزی جلوس رحمت اللّٰہ خان چوک سے صبح تقریباً 9 بجے برآمد ہوا۔
جلوس کے شرکاء شہر کے وسطی علاقے باچا خان چوک پہنچے جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔
جلوس کے راستے میں رضاکاروں کی جانب سے عزاداران کے لیے شربت اور پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔
عاشورہ کے جلوس کی حفاظت کے لیے پولیس اور ایف سی کے 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے۔
جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کی گئی۔
پاک فوج کے دستے بھی اسٹینڈ بائی پر تھے، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ میں سنٹرل پولیس آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کر کے جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
عاشور ہ محرم کے جلوس کے موقع پر کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی۔
صوبے کے دیگر چھ اضلاع سبی، لورالائی، خضدار، بولان اور نصیر آباد میں بھی یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے۔
Comments are closed.