ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

کوئٹہ دھماکا، 7 زخمی زیر علاج، ایک تشویشناک

کوئٹہ میں ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے 7 زخمی سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہیں، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔

میڈیا کوارڈینیٹر محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق نجی ہوٹل کی پارکنگ ایریا میں دھماکے کے7 زخمی اس وقت سول اسپتال کےٹراماسینٹر میں زیرعلاج ہیں ، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے اور دیگر کی حالت خطرےسےباہر ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان رات گئے تک معاملات کی نگرانی کرتے رہے ہیں۔

ڈاکٹروسیم بیگ کا کہنا ہے کہ زیرعلاج زخمیوں میں ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈز اور دیگر افراد شامل ہیں، دھماکےکے 2 زخمی سی ایم ایچ اور ایک زخمی ہیلپر اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان نے مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کوئٹہ کے مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں گزشتہ رات ہوئے دھماکے کا مقدمہ تا حال درج نہیں ہوسکا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یہ کوئٹہ کا ایک محفوظ ترین علاقہ ہے، غیر ملکی بھی اسی ہوٹل میں ٹھہرتے ہیں۔ ایک گاڑی کس طرح ہوٹل کی پارکنگ میں داخل ہوئی، سیکورٹی کی کسی قسم کی بریچ ہوئی تب ہی گاڑی اندر پہنچی۔ دھماکا خیز مواد گاڑی میں موجود تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ دہشت گردی سے بلوچستان کی ترقی روکنے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.