بلوچستان کے دارالخلافہ وادیٔ کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر آج صبح ہوئے خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والا 1 اور ایف سی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق زخمی ایف سی اہلکار کی دورانِ علاج شہادت کے بعد خود کش دھماکے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اب 19 افراد زخمی ہیں، ان زخمیوں میں 17 ایف سی اہلکار اور 2 سویلین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا ہوا ہے۔
خود کش حملے کے تمام زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء قبضے میں لے لیئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی سے ٹکرائی۔
واضح رہے کہ خود کش دھماکے کی ذمے داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی ہے۔
Comments are closed.