جمعہ7؍جمادی الاول 1444ھ 2؍دسمبر 2022ء

کوئٹہ: خودکش دھماکے میں شہید اہلکار کی نمازِ جنازہ ادا

کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں آج صبح ہوئے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔

وزیرِ داخلہ ضیاء اللّٰہ لانگو اور آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے شہید اہلکار کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

بلیلی دھماکے میں زخمی ہونے والے ظفر خان نامی شخص نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکےمیں میرا 1 بیٹا جاں بحق اور 4 بچے زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیملی کے ساتھ شادی میں شرکت کے لیے لاہور جا رہا تھا کہ خودکش دھماکے کا شکار ہو گئے۔

بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیاء اللّٰہ لانگو کوئٹہ کے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر پہنچ گئے جہاں انہوں نے بلیلی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے خود کش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 22 اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا ہے کہ پولیو ڈیوٹی پر لے جانے والے پولیس کے ٹرک سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ ٹکرایا ہے، خود کش بمبار کی لاش قریب سے ملی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ قریب سے گزرنے والی گاڑیاں بھی زد میں آ گئیں، دھماکے میں 20 سے 25 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کی شدت سے ٹرک الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 1 بچہ اور 1 اہلکار شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.