بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کنگز کی ناکامی: ثقلین مشتاق نے بابر اعظم کیلئے کیا کہا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کپتان بابر اعظم اور ان کی ٹیم کراچی کنگز کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں جاری بدترین کارکردگی کے بارے میں بات کی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز ہیں، درحقیقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جو ٹیم شروع سے رفتار حاصل کرتی ہے وہ کامیاب ہو جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے کراچی اس مقام تک نہیں پہنچ سکا۔

ثقلین مشتاق نے فاسٹ بولر محمد حسنین کے غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے بارے میں کہا کہ حسنین کے باؤلنگ ایکشن پر کام جاری ہے اور ہم جلد ہی اس کے بارے میں اچھی خبر سنیں گے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز ہیں حالانکہ درمیان میں ایک خلا آ گیا ہے، امید ہے کہ جلد اچھے اسپنرز سامنے آئیں گے۔

آسٹریلیا اور پاکستان کی سیریز کے حوالے ثقلین مشتاق نے کہا کہ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو بغیر کسی خوف کے پاکستان آنا چاہیے، پاکستان ہمیشہ دیگر کرکٹ ٹیموں کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہے جبکہ پاکستان کی مہمان نوازی پوری دنیا میں مشہور ہے۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ آسٹریلیا سے مقابلے کی تیاریاں کل سے شروع کرے گا، کھلاڑی کراچی پہنچنا شروع ہو گئے۔

ہیڈ کوچ نے انکشاف کیا کہ ہم آئندہ آسٹریلوی سیریز کے لیے اچھی حکمت عملی تیار کریں گے کیونکہ ہم بہت محنت سے ٹریننگ کر رہے ہیں جسے ہر کوئی میدان میں دیکھے گا۔

ثقلین مشتاق نے مزید کہا کہ آسٹریلیا مضبوط ٹیم ہے اس لیے مضبوط حکمت عملی بنانا ہوگی۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 27 فروری کو پاکستان پہنچے گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز 4 مارچ سے شروع ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.