کراچی: ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
ملک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے 219 وارڈز میں 1569 امیدوار میدان میں ہیں، 7 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد جو ووٹرز پولنگ اسٹیشن اندر داخل ہوچکے انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں سب سے زیادہ 180 امیدوار پی ٹی آئی نے میدان میں اتارے، مسلم لیگ (ن) کے 143، پیپلز پارٹی 112، جماعت اسلامی 104، کالعدم تحریک لبیک پاکستان 86، اللہ اکبر تحریک کے 74، ایم کیو ایم کے 42، پی ایس پی 35، (ق) لیگ 34 اور جے یوآئی کے 25 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا، اس کے علاوہ 659 آزاد امیدوار نے بھی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں قسمت آزمائی کی۔
ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لیے پولنگ کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران گنتی کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کا اعلان کریں گے، تمام پولنگ ایجنٹس اور امیدوار نتیجے کی کاپی پریزائیڈنگ افسران سے حاصل کریں گے۔
Comments are closed.