بلوچستان میں لسبیلہ کے ساحلی علاقے کند ملیر میں تفریح کی غرض سے جانے والے کراچی کا خاندان کئی گھنٹے لاپتہ رہنے کے بعد ریسکیو کرلیا گیا ہے، خواتین اور بچوں سمیت خاندان کے گیا رہ افراد سپٹ بیچ کے ریگستانی علاقے میں راستہ بھٹک گئے تھے۔
کراچی کے علاقے ملیر دنبہ گوٹھ اور لیاری سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے چار نوجوانوں کے علاوہ خواتین اور چھوٹے بچوں سمیت 11 افراد موٹر سائیکلوں پر گزشتہ روز پکنک منانے کند ملیر گئے تھے۔
ایس ایس پی لسبیلہ میر دوستین دشتی کے مطابق آج دوپہر یہ افراد کند ملیر سے آگے سپٹ بیچ کے علاقے میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے پیدل ساحل کی جانب گئے اور واپسی میں راستہ بھول کر صحرا میں کئی گھنٹے تک بھٹکتے رہے۔
سپٹ بیچ انتہائی مشکل علاقہ ہے، ریت کے طوفان کی وجہ سے اکثر اس علاقے میں لوگ راستہ بھول جاتے ہیں، اس دوران ان کے پاس کھانے پینے کا سامان ختم ہوگیا، شدید گرمی میں بھوک پیاس سے بچوں اور دیگر افراد کی حالت غیر ہوگئی، جبکہ موبائل فون کے سگنل نہ ملنے سے ان افراد کا کسی سے رابطہ بھی نہیں ہو پایا۔
خوش قسمتی سے ا یک فرد کا موبائل فون پر کراچی رابطہ ہوا، جس کے بعد پولیس، کوسٹ گارڈ، ایدھی فاؤنڈیشن اور علاقے کی ایک معزز شخصیت سردار رشید پھورائی نے علاقے میں بڑے پیمانے پر متاثرہ خاندان کی تلاش کا کام شروع کیا۔ کئی گھنٹے کی تلاش کے بعد متاثرہ خاندان کو ریسکیو کرلیا گیا۔
ڈی ایس پی اوتھل کے مطابق اندھیرا ہونے کی وجہ سے ان افراد کی موٹر سائیکلوں کو تلاش نہیں کیا جاسکا۔
ادھر ایس ایس پی لسبیلہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو اوتھل منتقل کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.