کناہن گینگ: ایک ارب یورو بٹورنے والا آئرلینڈ کا ’سب سے دولتمند، طاقتور اور بے رحم‘ جرائم پیشہ گروہ

kinahna

،تصویر کا ذریعہGetty Images

متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ پولیس افسران کناہن نامی جرائم پیشہ گروہ سے متعلق بین الاقوامی تحقیقات کے سلسلے میں اس وقت ڈبلن میں آئرلینڈ کے حکام سے اہم ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔

آئرلینڈ کے سرکاری ٹی وی آر ٹی ای نے یہ خبر نشر کی ہے کہ فورس کے ’ڈرگز اینڈ آرگنائزڈ کرائم بیورو‘ کے ساتھ مزید ملاقاتوں سے قبل دبئی کے تین سینیئر افسران نے منگل کو آئرلینڈ پولیس کے کمشنر ڈریو ہیرس سے ملاقات کی ہے۔

منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈریو ہیرس نے کہا ہے کہ دبئی کی پولیس نے پہلے ہی ان کی ’بین الاقوامی سطح پر کیے جانے والے منظم جرائم کی جاری تحقیقات‘ میں ’بڑی مدد‘ فراہم کی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس پولیس وفد کی طرف سے دی جانے والی مدد ’اس تعاون کو مزید آگے بڑھائے گی۔‘

اس وقت بین الاقوامی سطح پر کناہن گروہ کے مالی معاملات اور آئرلینڈ کی تاریخ میں منشیات کی سب سے بڑی مقدار میں ضبطگی کے درمیان تعلق پر بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

واضح رہے کہ حکام نے گذشتہ ماہ پاناما کے رجسٹرڈ جہاز ایم وی میتھیو پر چھاپہ مار کر دو ٹن سے زیادہ کوکین برآمد کی تھی۔

Dubai

،تصویر کا ذریعہPA

دبئی پولیس کے وفد کا یہ دورہ آئرلینڈ کی وزیر انصاف ہیلن میک اینٹی کی اپنے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب کے ساتھ مجرموں کی حوالگی سے متعلق دوطرفہ معاہدے کے امکان پر بات چیت کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔

اس ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرا نے باہمی قانونی معاونت اور سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد بات کرتے ہوئے ہیلن نے کہا کہ ’آج صبح ہماری نتیجہ خیز گفتگو ہوئی، جس میں گاردا یعنی آئرلینڈ کی قومی پولیس کے کمشنر ڈریو ہیرس کے دبئی کے حالیہ دورہ اور اس کے نتائج سے متعلق صورتحال زیر غور آئی۔‘

واضح رہے کہ اس دورے کے دوران ڈریو نے دبئی کے لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری سے ملاقات کی تھی۔

ان کے مطابق ان کی ملاقات میں اس کے علاوہ آئرلینڈ کے حکام جو آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے لیے متحدہ عرب امارات کا سفر کر رہے ہیں کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے آئرلینڈ کی قومی پولیس اور تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے قائم کردہ مثبت اتحاد پر کام کر رہے ہیں اور پرعزم ہیں کہ سرحدیں فوجداری انصاف کے مؤثر تعاون میں رکاوٹ نہیں بنیں گی۔‘

Boat

کناہن گروہ کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

سنہ 2016 میں ریجنسی ہوٹل میں ہونے والے قتل کے بعد عوام کی توجہ کناہن گینگ پر مرکوز ہوئی۔ اس قتل کے بعد ہی اس گروہ کے بین الاقوامی روابط کا انکشاف ہوا۔

نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے یہ گروپ دنیا بھر میں کئی ٹن منشیات اور آتشیں اسلحہ درآمد کر چکا ہے۔

ایجنسی کے مطابق ’یہ آئرلینڈ کا سب سے دولتمند، طاقتور اور بے رحم مجرم گروہ ہے۔‘

امریکی محکمہ خزانہ نے ’کناہن‘ گروہ کو دنیا کے خطرناک ترین گروہوں میں سے ایک قرار دیا ہے، جس کا موازنہ جرائم کی دنیا میں نام بنانے والی تنظیموں جیسا کہ اٹلی کی کیمورا، میکسیکو کی لاس زیٹاس اور جاپان کی یاکوزا سے کیا جا سکتا ہے۔

کمشنر ڈریو ہیرس کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس گینگ نے اپنی مجرمانہ سرگرمیوں سے عالمی سطح پرایک ارب یورو سے زیادہ کی دولت سمیٹی ہے۔

Dubai

کناہن گینگ کی بنیاد کرسٹی کناہن سینیئر نے رکھی تھی لیکن یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی روزمرہ کی کارروائیاں اب خاص طور پر بیٹوں ڈینیئل اور ان کے بعد کرسٹوفر جونیئر کے ذمے ہیں۔

حالیہ برسوں میں ڈینیئل کناہن بھی ’ہائی پروفائل باکسنگ‘ کلب کا حصہ بن گئے ہیں۔

اپریل 2022 میں امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے تینوں افراد کی گرفتاری کے لیے پانچ ملین ڈالر کی انعامی رقم رکھی ہے۔

ڈینیئل کناہن کا نام اس سے قبل آئرلینڈ کی عدالتوں میں یورپ میں متحرک گروہوں میں سے سب سے نمایاں ’ڈرگ گینگ‘ کے سربراہ کے طور پر سامنے آیا ہے۔

ان کے والد کرسٹوفر سینیئر اور بھائی کرسٹوفر جونیئر کو بھی ’آفس آف فارن ایسٹس کنٹرول‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

BBCUrdu.com بشکریہ