کراچی: کمشنر کراچی کا سرکاری دفتر یا شہر قائد کا سب سے بڑا مہمان خانہ کہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نے کمشنر کراچی کی مہمان نوازی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کراچی کا سرکاری دفتر شہرکا مہنگا ترین مہمان خانہ بن گیا، جہاں ایک سال میں مہمانوں کی تواضع کرنے پر چائے پانی میں 61لاکھ روپے خرچ کردیے گئے،خرچ کی جانے والی خطیر رقم سے چائے پانی کی خریداری کی رسیدیں بھی آڈٹ رپورٹ میں نہیں دی گئیں۔
جاری کردہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق کمشنر آفس میں یومیہ ایک ہزار768مہمانوں کو چائے پانی پیش کیا جاتاہے، خرچ کی جانے والی رقم سے سموسے پکوڑے غیر معمولی طور پر زیادہ خریدے گئے۔
کمشنر آفس حکام کا کہنا ہے کہ سیاسی، سماجی، مذہبی اور دیگر شخصیات سمیت سینکڑوں مہمان روز آتے ہیں، جن کو چائے ،پانی اور سموسے پکوڑے پیش کیے جاتے ہیں۔
ایسے میں شہریوں کا کہنا تھاکہ شہر میں لوگوں کے پاس پینے کے لیے پانی تک موئثر نہیں اور کمشنر آفس میں سال بھر میں مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے 61لاکھ روپے خرچ کرنا ہمارے ٹیکسوں پر عیاشی کرنے کے مترادف ہے۔
Comments are closed.