قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر ٹیسٹ بیٹسمین اظہر علی نے کہا ہے کہ کل پوری ٹیم ارشد ندیم کا اولمپکس میں ایونٹ دیکھے گی۔
کراچی میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران اظہر علی نے پوری ٹیم کی طرف سے ارشد ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرامید ہیں کہ ارشد ندیم پاکستان کےلیے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتیں گے۔
اظہر علی نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں، کم ٹیسٹ میچز ہونا بطور پلیئر مایوس کن بات ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا بولنگ اٹیک اچھا ہے، ہوم گراؤنڈ پر ہر ٹیم مشکل پیدا کرتی ہے، ورلڈ ٹیسٹ میں شروع میں برتری حاصل کرلی تو دیگر ٹیموں پر دباؤ آسکتا ہے۔
سینئر ٹیسٹ بیٹسمین نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز میں جیتنے کے لئے کافی محنت کرنا ہوتی ہے، ہر کھلاڑی ہر سیریز میں اپنا بیسٹ دینےکی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہوگی دونوں میچز میں سنچریاں اسکور کروں، جمیکا پہنچ کر دیکھیں گے کہ وہاں کنڈیشن کیسی ہوتی ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ ہمارے پاس اسپین اور فاسٹ بولنگ دونوں کے اچھے آپشنزہیں، میرا فوکس ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اچھا پرفارم کرنا اور پاکستان کو چیمپئن شپ جتوانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سےٹیسٹ کرکٹ کو خطرہ نہیں، ٹیسٹ دیکھنے والے آج بھی دیکھتے ہیں، ایشیا سے باہر ملکوں میں تو آج بھی ٹیسٹ کرکٹ کو اہمیت دی جاتی ہے۔
قومی ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ برصغیر کی باتیں دیکھ کر کبھی کبھی لگتا ہے کہ کہیں ٹیسٹ کرکٹ کوختم نہ کیا جائے۔
Comments are closed.