جمعہ 24؍شعبان المعظم 1444ھ17؍مارچ 2023ء

کل عدالت میں خود پیش ہو جاؤں گا، پولیس کو روکا جائے: عمران خان کی درخواست

چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا اور اپنی درخواست میں کہا ہے کہ کل عدالت میں خود پیش ہو جاؤں گا، پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عمران خان نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے ذریعے درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ انڈر ٹیکنگ تسلیم کر کے پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عمران خان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ میری گرفتاری عدالت کی پیشگی اجازت سے مشروط کی جائے۔

عمران خان کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کل اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں خود پیش ہو جاؤں گا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیشن کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کر دی تھی۔

عمران خان کی جانب سے درخواست میں آج ہی سماعت کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے گزشتہ روز عمران خان کی انڈر ٹیکنگ مسترد کردی تھی اور پولیس کو عمران خان کو گرفتار کر کے کل (18 مارچ کو) پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا ملک بھر میں درج مقدمات میں گرفتاری روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

دوسری جانب عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کر دیے۔

رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ کا اعتراض ہے کہ عمران خان کا بائیو میٹرک نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے یہ اعتراض بھی عا ئد کیا ہے کہ جس معاملے پر ہائی کورٹ پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے اسے دوبارہ کیسے سن سکتی ہے؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.