جمعرات 10؍ذوالحجہ 1444ھ29؍جون 2023ء

کلیجی کھانے کے صحت پر اثرات

بقر عید کا موقع ہو اور گھر میں کلیجی نہ پکے ایسا ہوہی نہیں سکتا، تاہم کلیجی ایک ایسی ڈش ہے جسے کچھ لوگ تو بے حدپسند کرتے ہیں جبکہ کچھ دور بھاگتے ہیں۔

اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ کلیجی کھانے سے بدہضمی ہوجاتی ہے یا پھر اس کے استعمال سے صحت پر منفی نتائج مرتب ہوتے ہیں جیسا کہ جسم میں زہریلی مواد کا اخراج ہونا۔

تاہم ایسا ہرگز نہیں ہے کیونکہ قدرت کی بنائی گئی ہر شے مفید ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ اس کا استعمال اعتدال میں کیا جائے۔

ہمارے یہاں اکثر کلیجی کو دل، گردوں اور مغز کے ساتھ پکایا جاتا ہے۔ ان میں وٹامن اے ، ڈی، ای، کے اور بی 12، فولک ایسڈ اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو جسم سے زہر آلود مادوں کو خارج میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اگر کسی کو خون کی کمی کا سامنا ہے تو بقر عید کے موقع پر کلیجی سے تیار ہونے والے پکوان کو خوب انجوائے کریں، کیونکہ یہ جسم کو درکار خون کی ضروری مقدار کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

دیگر گوشت کے مقابلے میں کلیجی غذائیت سے بھرپور ہے اس میں کوئی نامیاتی زہر نہیں ہوتا۔ درحقیقت کلیجی آپ کے جسم سے ٹاکسن کو جمع کرنے کے بجائے خارج کرتی ہے۔

اس کا مناسب استعمال تھکاوٹ سے لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے، کلیجی وٹامنز ، منرلز اور فیٹ سے بھرپور ہوتی ہے، اس میں موجود کاپر میٹابولزم کو سپورٹ کرتا ہے۔ آپ اپنی روزمرہ کی غذا سے 0.9mg کاپر حاصل کرتے ہیں اور آپ اگر 3 اونس کلیجی کا استعمال کریں تو آ پ 12mg تک کاپر حاصل کرسکتے ہیں۔ دنبے کی کلیجی آپ کو اس کی آدھی مقدار دیتی ہے۔

ہمارے ہاں اکثر لوگ آئرن کی کمی کا شکار ہوتے ہیں۔ کلیجی آئرن سے مالا مال ہوتی ہے اور یہ جسم کے لئے بے حد مفید ہے۔ اگر آپ اسے اپنی خوراک میں شامل رکھیں تو بہت سی دائمی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔

یہ ہمارے دماغ کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ اعصابی نظام کی کئی بیماریاں وٹامن بی 12 کی کمی سے ہوتی ہیں تو اگر آپ کو ایسی کسی بھی علامت کا تھوڑا بھی اندیشہ ہو جیسے سوچنے اور یاد رکھنے میں دشواری، اعصابی اور نفسیاتی بیماری، کمزوری، توازن کی کمی، ہاتھ اور پیروں کا سُن ہونا اور پریشان کن ڈپریشن تو وٹامن بی 12 کے حصول کے لئے آپ صحت مند جانور کی کلیجی استعمال کرسکتے ہیں۔

کلیجی ہو یا پھر دل، گردوں، مغز سمیت دیگر اعضا، ان کے استعمال کے وقت چند باتوں کا خیال کرنا لازمی ہے۔

کلیجی صاف اور صحت مند جانور کی ہونی چاہئے اور کوشش کریں کہ صرف ان جانوروں کی کلیجی استعمال کریں جن کی خوراک میں چارہ شامل ہوتاہے۔ وہ صحت کے لئے مفید ثابت ہوتے ہیں۔

کلیجی کے لئے زیادہ بہتر ہے کہ جب آپ اسے خریدیں یا جانور کی جیسے ہی قربانی ہو تو اسے اسی وقت پکالیں تازہ کلیجی زیادہ مفید ہے۔

کلیجی کو پکاتے وقت خیال رکھیں کہ اسے بہت زیادہ مت پکائیں ورنہ وہ سخت اور بے ذائقہ ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ اگر لیموں کااستعمال کیا جائے تو یہ با آسانی ہضم ہوجاتی ہے رات میں کلیجی کھانے سے گریز کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.