جمعرات 27؍صفر المظفر 1445ھ14؍ستمبر 2023ء

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے غیرملکی کپڑا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے غیرملکی کپڑا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

میڈیا لائژن آفیسر کسٹم انفورسمنٹ کراچی سید عرفان علی کے مطابق انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے عملے کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کوئٹہ سے بذریعہ ٹرالر غیر ملکی کپڑا اسمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس اطلاع پر اے ایس او کے موچکو چیک پوسٹ پر تعینات عملے کو خصوصی ہدایات اور احکامات جاری کیے گئے اور بلوچستان سے آنے والے ٹرالرز کی سادہ لباس میں افسران و عملہ نے خصوصی نگرانی کی اور چیک پوسٹ پر تعینات عملے نے ٹرالرز کی چیکنگ کے دوران کوئٹہ سے آنے ٹرالر نمبر LOK 2017 کی جانچ پڑتال کی تو ٹرالر میں بھاری تعداد میں پولیئسٹر کپڑے کی نشاندہی ہوئی۔

انکا کہنا تھا کہ کپڑے کے قانونی برآمدگی کے کاغذات کے بارے میں ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی تو ڈرائیور نے کاغذات پیش کیے جو اس کپڑے سے مماثلت نہیں رکھتے تھے۔ اس بنا پر کسٹمز کے عملے نے 7700 کلو گرام کپڑا جس کی مالیت 2 کروڑ 15 لاکھ روپے ہے معہ ٹرالر جس کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، کل مالیت 3 کروڑ 65 لاکھ روپے ہے، اپنی تحویل میں لے کر ضبط کیا ہے۔

میڈیا لائژن آفیسر نے بتایا کہ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.