چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ جنوری یوم حق خودارادیت کے حوالے سے برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یاد رہے کہ پانچ جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں پورے جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کے لیے کہا گیا تھا تا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی زیرنگرانی اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔
کشمیر کے دونوں اطراف کے لوگ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کشمیری اس دن کو ہرسال یوم حق خودارادیت کے طور پر مناتے ہیں اور اس دوران کانفرنسز، سیمینار اور جلوس برپا کر کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس حوالے سے علی رضا سید نے کہاکہ اقوام متحدہ کی پانچ جنوری کی قرارداد نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ایک بنیاد فراہم کی ہے لیکن بھارت کے متعصبانہ اور منفی رویئے کی وجہ سے اس قرارداد پر اب تک عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی اپنی قرارداد پر عمل درآمد نہیں کرواسکی۔
اگست 1947ء کو جموں و کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کے فارمولے کے تحت آزادی ملنی تھی لیکن بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر زبردستی قبضہ جمالیا۔
یہ علاقہ اب تک بھارت کے زیرقبضہ ہے اور بھارت کی مرکزی حکومت نے اگست 2019ءمیں اس علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے اپنے براہ راست کنٹرول میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء کا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ساتھ وابستہ ہے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، اس وقت تک برصغیر میں امن و خوشحالی نہیں آسکتی۔
بھارت کی تمام کاروائیاں بشمول مسلسل بھارتی تسلط، ریاستی دہشت گردی، جبری گمشدگی، بے گناہ لوگوں کا قتل عام، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا اور ڈومیسائل قوانین میں ردبدل کرنا غیرقانونی ہیں۔
علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ ختم کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ کشمیر پُرامن طریقے سے حل نہیں ہوتا تو پھر جوہری جنگ کے خطرات موجود ہیں کیونکہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقت کے حامل ممالک ہیں۔
بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے اور بھارتی افواج کو کشمیریوں پر مظالم کی کھلی چھوٹ ہے اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کو لامحدود اختیار حاصل ہیں تاکہ وہ کشمیریوں کی جائز تحریک کو دبا سکیں۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے اورخاص طور پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد کروائے۔
Comments are closed.