وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کس مائی کے لال میں کلیجہ ہے کہ 10 لاکھ کے مجمع سے گزر کر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالے اور واپس چلا جائے۔
اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک بار پھر عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو ڈی چوک کے ہجوم سے گزر کر جانے کی دھمکی دے دی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ابھی سے ڈر گئی ہے، عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئے گی۔
وفاقی وزیر نے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی عمران خان کی طرح جلسے کرنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھر میں تو کتا بھی شیر ہوتا ہے، مائی کے لال بنو، عمران خان کی طرح جلسے کرکے دکھاؤ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا صدر اور وزیراعظم وہ نہیں جن کی امریکی صدر کے سامنے کانپیں ٹانگ رہی ہوں، عمران خان امریکا میں بات کرتے ہیں تو پتہ ہوتا ہے کہ ہماری عزت پر اضافہ ہی ہوگا۔
اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ووٹ ڈالنا اوورسیزپاکستانیوں کا حق ہے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن میں بڑا تنازع یہ ہے کہ وہ کہتے ہیں 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ووٹ کا حق نہیں رکھتے، اپوزیشن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے خوف زدہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستان ملک میں ڈالر نہ بھیجتے تو ملک دیوالیہ ہوچکا ہوتا۔
انہوں نے اپوزیشن کو للکارتے ہوئے کہا کہ ہم باہر نکل کر لاکھوں کے اجتماع سے باتیں کر رہے ہیں، آپ کر کے دکھائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو کہتا ہوں اپنے گھر میں کتا بھی شیر ہوتا ہے، عمران خان پورے ملک میں جلسے کرتا ہے آپ کر کے دکھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئے گی، امید ہے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو پاکستان کے بہت بڑے لیڈر تھے، ضیاالحق پیپلز پارٹی کو محدود نہیں کرسکا تھا، آصف زرداری صاحب نے سات سال میں ضیاالحق کا خواب پورا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب نے پیپلزپارٹی کا بیڑا غرق کردیا، پیپلز پارٹی اور دیگر لوگ ضیاالحق سے اختلاف کریں یہ ان کا حق ہے، ضیاالحق کی قبر کی بےحرمتی ہوئی، نوازشریف جرات کرتے اور کہتے کہ پیپلز پارٹی نے غلط کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جیسے لوگ اپنے محسنوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے۔
Comments are closed.