جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی، قرارداد قانونی طور پر منظور ہوئی، سینیٹر دلاور خان

سینیٹ میں الیکشن کے التوا کی قرارداد پیش کرنے والے سینیٹر دلاور خان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی تھی اس لیے الیکشن ملتوی کروانے کی قرارداد قانونی طور پر منظور ہوئی ہے۔

مردان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ کورم پورا نہ ہونے کی بات کرنے والے اجلاس کے دوران نشاندہی کر دیتے۔

دلاور خان نے کہا کہ رولز کے مطابق صرف ایک بھی رکن موجود ہو اور کورم کی نشاندہی نہ کی جائے تو اس کا حق ہے کہ وہ اپنا موقف پیش کرے۔

سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ میری قرار داد قانونی طور پر منظور ہوئی ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے وزارت پارلیمانی امور کو فوری کارروائی کرکے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح  رہے کہ سینیٹ نے گزشتہ روز  8 فروری 2024 کے انتخابات ملتوی کروانے کی قرارداد منظور کی ،ایوان میں صرف 14 سینیٹرز موجود تھے، آزاد سینیٹر دلاور خان نے قرارداد پیش کی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللّٰہ اور نگراں حکومت کی جانب سے وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے قرارداد کی مخالفت کی تھی، ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا نے قرارداد کی حمایت کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گردیپ سنگھ نے خاموشی اختیار کی تھی۔

سینیٹ میں کورم پورا نہیں تھا، قرارداد پیش کرتے وقت صرف 14 سینیٹر موجود تھے، پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے نہ قرارداد کی مخالفت کی اور نہ کورم کی نشاندہی کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.