ونڈو کی تبدیلی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل کمٹ منٹس کے باعث کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا حصہ نہیں بن سکے۔
ڈرافٹ میں شامل کرس گیل کو کسی فرنچائز نے پِک نہیں کیا۔ بین ڈنک کو پِک کرنے میں لاہور قلندرز سمیت کسی نے دلچسپی ظاہر نہیں کی جبکہ سلور کیٹیگری کی وجہ سے کامران اکمل لیگ سے احتجاجاً دست بردار ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ہارڈ ہٹر کرس گیل اگرچہ ڈرافٹ میں شامل تھے لیکن انہیں لینے کیلئے کوئی فرنچائز تیار نہیں تھی کیونکہ اب کرس گیل کسی ٹیم کی ویلیو میں اس طرح اضافہ نہیں کرتے جیسے پہلے کرتے تھے۔
بین ڈنک میں دلچسپی ظاہر نہ کرنے کی وجہ انکا سارا سال کرکٹ نہ کھیلنا بلکہ کمنٹری کرنا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کا کہنا ہے کہ لیگز لوکل پلیئرز سے بنتی ہیں، غیر ملکی کھلاڑی تڑکا لگانے آتے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیون کی ڈرافٹنگ کے بعد 27 جنوری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے لئے تمام چھ ٹیموں نے اپنی لائن اپ مکمل کرلی ہے۔ اس بار بھی لیگ میں کئی اہم غیرملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پی ایس ایل سیون میں کولن منرو، حضر ت اللّٰہ زازئی، جیسن رائے، جیمز فولکنر، لوئس گریگری، محمد نبی، رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ اور عمران طاہر سمیت دیگر غیرملکی کھلاڑی مختلف ٹیموں کی طرف سے کھیلتے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیون میں کراچی 15 اور لاہور 19 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
Comments are closed.