بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کرکٹر بننے کےلئے والدہ کی ڈانٹ اور مار کھائی، ڈیرن سیمی

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ میں نے کرکٹر بننے کےلئے والدہ سے بہت ڈانٹ اور مار کھائی ہے۔

پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کی ماسٹر کلاس میں مینٹورز کے لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے۔ گوادر شارکس کے مینٹور ویوین رچرڈز اور حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور ڈیرن سیمی نے پلے آف کھیلنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا۔

2 مرتبہ کے ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئین کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے سفر میں کرٹلی امبروز اور برائن لارا کو دیکھا اور آگے بڑھا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں آنے کےلئے بس سخت محنت کا سہارا لیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے ابتدائی سفر میں مجھے والدہ سے بہت ڈانٹ پڑی اور بہت مار کھائی، لیکن میرا عزم یہ تھا کہ میں نے کچھ بن کر دکھانا ہے، وہ نہیں چاہتی تھیں کہ میں انہیں انکار کروں لیکن بس کھیلتا تھا اور اس میں محنت کرتا تھا، میری والدہ سمیت سب کہتے تھے کہ میں کرکٹر نہیں بن سکتا لیکن پھر میں نے بن کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں چاہتا تھا کہ میں ٹیم میں آؤں، مجھے کچھ کھلاڑی کپتان نہیں دیکھنا چاہتے تھے، لیکن ایسا کیوں تھا یہ میں نہیں جانتا، جب میں آیا تو اس وقت ٹیم میں بڑے بڑے نام تھے۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ پی جے ایل آپ نوجوانوان کےلئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے، اپنی انسپائریشن کے مطابق چلیں محنت کریں، فاسٹ ٹریک کچھ نہیں، ٹاپ پر پہنچنے کے بعد خود کو ٹاپ پر رکھنا اصل کامیابی ہے، محنت تب تک کرو جب تک اپنے خوابوں تک نہ پہنچ جاؤ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.