ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے والے قومی کرکٹر آصف علی نے سابق بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی کا اسٹائل اپناکر اُن کے کرکٹ کے دنوں کی یاد تازہ کردی۔
پاک افغان میچ میں 7 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے برق رفتار 25 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلوانے والے کرکٹر آصف علی کے سوشل میڈیا پر چرچے شروع ہوگئے ہیں۔
شائقینِ کرکٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر آصف علی کی وہ تصاویر شیئر کی جارہی ہیں جن میں اُنہیں اپنی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ان تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصف علی نے اپنی کامیابی پر جشن کا جو اسٹائل اپنایا وہ بالکل سابق بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی کے اسٹائل جیسا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والے میچ میں بھی آصف علی ’گن شوٹ‘ اسٹائل بہت مقبول ہوا اور یہی اسٹائل اکثر ایم ایس دھونی اپنے میچ میں اپنایا کرتے تھے۔
شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا پر ایم ایس دھونی اور آصف علی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دونوں کے اسٹائل کا موازنہ کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا ۔
افغانستان کے خلاف جارحانہ اننگز کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے آصف علی کا کہنا ہے کہ خود پر اعتماد تھا کہ ٹارگٹ پورا کر لیں گے ، شعیب ملک سے ایک اوور پہلے کہا تھا کہ آخری اوور میں 25رنز بھی ہوئے تو بنا لیں گے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ ٹی 20 کے گروپ 2 میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنلسٹ کی فہرست میں اپنی جگہ مضبوط کرلی ہے۔
Comments are closed.