جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کرونا کا پھیلاؤ: ملک کے 16 شہروں میں پاک فوج تعینات کردی گئی، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ملک کے 16 شہروں میں کورونا کیسز کی شرح بہت زیادہ ہے، جہاں سول اداروں کی مدد کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کردی گئی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ملک میں اس وقت کورونا کی تیسری لہر جاری ہے، جو پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطرناک ہے، وبا کی شدت اور تیز رفتار پھیلاؤ کی وجہ سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں اس وقت آکسیجن کی پیدا وار کا 75 فیصد صحت کے شعبے کے مختص ہے،  موجودہ صورتحال برقرار رہی تو یہ آکسیجن بھی صحت کے شعبے کیلئے وقف کرنا پڑسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 570 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں،جبکہ 4 ہزار 300 کی حالت نازک ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پشاور، مردان، چارسدہ، لاہور، فیصل آباد، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، آزاد کشمیر، مظفرآباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعدا انتہائی زیادہ ہے۔ جب کہ 51 شہروں میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فوج کو سول اداروں کی مدد  کے لیے طلب کیا گیا ہے، رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں احساس اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے بحیثیت قوم ہمیں پہلے سے بھی زیادہ احتیاط کرنا ہے اور ہم سب کو مل کر اجتماعی اور انفرادی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرکے ہی ہم اس وبا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے اس بار بھی انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، تمام صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی میٹنگز ہفتے میں ایک دن ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا کام ہنگامی حالات میں سول اداروں کی مدد کرنا ہے اور پاک فوج آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔

You might also like

Comments are closed.