اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے یووینٹس کلب چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، اٹالین کلب کے منیجر کے مطابق رونالڈو نے کلب میں مزید نہ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ جس کے بعد اُنہیں سیری اے میں ایمپولی کے خلاف میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والے دُنیائے فٹبال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ان دنوں اٹلی کے کلب یووینٹس کی نمائندگی کررہے ہیں لیکن پچھلے کئی ہفتوں سے خبریں گردش میں تھیں کہ رونالڈو یہ کلب چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اب اس بات کی تصدیق یووینٹس کے منیجر میسیملیانو الجیر ی نے کردی ہے جن کے مطابق رونالڈو نے اُن سے کہہ دیا ہے کہ وہ کلب سے مزید نہیں کھیل سکتے، یہی وجہ ہے کہ رونالڈو کو سیری اے میں ایمپولی کے خلاف میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہے، یہ میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔
یہ خبریں بھی ہیں کہ 36 سالہ اسٹار فارورڈ کا انگلش پریمیئر لیگ کے کلب مانچسٹر سٹی سے رابطہ ہوا ہے جو ان کو لینے میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن ابھی تک یووینٹس کو مانچسٹر سٹی کی جانب سے رونالڈو کے حوالے سے کوئی باقاعدہ پیشکش موصول نہیں ہوئی ہے۔
Comments are closed.