پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کوارٹر فائنل میں مراکش سے شکست کے بعد فاتح اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کے لیے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دوحہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ یہ بہت ہی بہترین بات ہے کہ افریقی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے مراکش ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ میں نے مراکش میں جذبات دیکھے، فٹبال ہمیں جو کچھ دیتا ہے وہ بہت خوبصورت ہوتا ہے۔
پرتگال کے اسٹار فٹبالر نے کہا کہ میں واقعی چاہوں گا کہ مراکش سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف جیت جائے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ہوگا کیونکہ فرانس کی ٹیم بہت مضبوط ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کی شروعات سے میری پیش گوئی فرانس اور برازیل کے درمیان فائنل میچ کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ برازیل تو اب ورلڈ کپ سے آؤٹ ہوگئی ہے لیکن فرانس ہر میچ کے بعد اپنے فیورٹ ہونے کی حیثیت کو مضبوط کر رہی ہے اور میں اب بھی اسے ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سب سے زیادہ فیورٹ سمجھتا ہوں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ میں فٹبال کو محبت کی طرح دیکھتا ہوں اور جو بھی چیمپیئن بنے گا اس کی تعریف کروں گا۔
واضح رہے کہ مراکش پرتگال کو ہرا کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور افریقی ٹیم ہے۔
واضح رہے کہ 2 بار کی عالمی چیمپین ارجنٹائن اور2018کی فائنلسٹ کروشیا کے درمیان 14 دسمبر کو ورلڈ کپ کاپہلا جبکہ 15 دسمبر کو فرانس اور مراکش کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.