پاکستان کا آج 75 واں یومِ آزادی منایا جا رہا ہے، اس موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔
کراچی میں پاک نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے۔
اعزازی گارڈز نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہیں،جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ کمانڈر سید محمد داؤد نے پریڈ کمانڈر کے فرائض انجام دیے۔
سیلر پلاٹون کمانڈر کی ذمے داری لیفٹیننٹ کمانڈر شہریار نے نبھائی۔
کیڈٹ پلاٹون کمانڈر کے فرائض چیف کیڈٹ کیپٹن محمد مصطفیٰ نے سر انجام دیے۔
پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کی تعیناتی میں حصہ لیا۔
مہمانِ خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزارِ قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحۂ خوانی کی اور اعزازی گارڈز کا معائنہ کیا۔
مہمانِ خصوصی کموڈور محمد خالد نے وہاں موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
پنجاب رینجرز سے پاک فوج کے دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل شہباز خان تھے۔
مہمانِ خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
Comments are closed.