پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے کراچی میں آج مزارِ قائد کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
جلسے کی سیکیورٹی کا انتظام جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رضاکاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے جس کے لیے 10 ہزار رضا کار تیار ہیں جو جلسہ گاہ کے اندرونی اور داخلی راستوں پر مامور کیئے جا رہے ہیں۔
جلسہ گاہ میں بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جہاں کم از کم 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، پنڈال اور اسٹیج کو مختلف سیاسی پارٹی کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے۔
منتظمین میں شامل سیاسی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ جلسہ گاہ میں 1 لاکھ کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔
پارٹی قیادت کیلئے اسٹیج کے عقب میں وی وی آئی پی راستہ تیار کیا گیا ہے، قائدین کو گاڑی میں اسٹیج تک آنے کی سہولت دی گئی ہے۔
جلسے کی کوریج کے لیے میڈیا کے لیے بھی الگ اسٹیج تیار کیئے گئے ہیں، میڈیا نمائندے اور ان کی گاڑیاں بھی مخصوص راستے سے جلسہ گاہ میں داخل ہو سکیں گی۔
جلسے کے شرکاء اور پارٹیوں کے کارکنان نمائش چورنگی کی جانب سے پنڈال میں داخل ہوں گے۔
جلسہ گاہ میں وضو خانے اور عارضی واش روم بھی بنائے گئے ہیں، جبکہ کھانے پینے کیلئے عارضی کینٹین بھی بنائی گئی ہیں۔
جلسہ اگرچہ دن میں رکھا کیا ہے مگر اسٹیج اور جلسہ گاہ میں چاروں طرف لائٹس کے ٹاور بھی لگا دیئے گئے ہیں، جن سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ جلسہ رات گئے تک جاری رہ سکتا ہے۔
کراچی ایسٹ پولیس کی بھاری نفری کو جلسے کی سیکیورٹی کی ڈیوٹی کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے، اسی طرح مزارِ قائد اور اس کے اطراف میں ٹریفک کا نظام سنبھالنے کے لیے ٹریفک پولیس بھی متعین کی گئی ہے۔
شارعِ قائدین، لائنز ایریا، ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی آنے والی دیگر سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔
سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی بھاری نفری بھی جلسے کی سیکورٹی کے لیے تعینات کی گئی ہے۔
Comments are closed.