نواسۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور رفقا کی عظیم قربانی کی یاد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا۔
اس قبل مرکزی مجلس میں شہادت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور ان کی قربانی و ایثار کی سنہری تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔
دین اسلام کے لئے صبر، ایثار و لازوال قربانی کے دن حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں 09 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی۔ مجلس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا اور نواسہ رسول ﷺ کی عظیم قربانی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
مجلس کے اختتام پر عزداران نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔ شرکا نے سوئیڈن واقعے کیخلاف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
نشتر پارک سے مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ پر برآمد ہوا۔ جلوس کے شرکاء نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔ عزداران نےامریکا، اسرائیل اور سوئیڈن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میئر کراچی اور دیگر کے ہمراہ جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا۔
مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔
Comments are closed.