کراچی میں سینٹرل جیل سے ملحقہ آبادی پی آئی بی کالونی میں تین منزلہ عمارت کا حصہ منہدم ہونے سے ایک بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ کئی کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس کے مطابق پیر الہٰی بخش کالونی کی غوثیہ کالونی میں گوشت اور سبزی والی گلی میں تین منزلہ رہائشی عمارت ناقص تعمیرات کی وجہ سے کئی روز سے ایک طرف جھکی ہوئی تھی۔
پولیس نے کہا کہ عمارت میں دراڑیں پڑ چکی تھیں اس کے باوجود مکینوں نے اسے خالی نہیں کیا، ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی اس مخدوش عمارت کو خالی کرانے کی کوشش نہیں کی گئی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کراچی سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اتوار کی سہ پہر عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق اس حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بعد ازاں ایک بچے کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا۔
متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی ہے علاقے کی گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کے دیگر علاقوں کی طرح پی آئی بی کالونی میں بھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ اور راشی افسران کہ پشت پناہی کی وجہ سے غیر قانونی عمارتیں تعمیر کی کی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
علاقہ مکین کہتے ہیں کہ کمزور بنیادوں والی عمارتوں پر کئی کئی بالائی منزلیں تعمیر کروائی جارہی ہیں اور اس عمارت کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہے۔
Comments are closed.