چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں 23 اور 24 جولائی کو تیز بارش ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران یہ بات بتائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 23 اور 24 جولائی کو کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز بار ش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ مون سون کا یہ اسپیل 25 اور 26 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امید ہے کہ دوسرے اسپیل میں کراچی میں اچھی بارش ہو گی۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سندھ میں یومِ عاشور پر بارشوں کا امکان نظر نہیں آ رہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 9 اور 10 محرم کو شمال مشرقی پنجاب میں بارشوں کا اچھا اسپیل متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے یہ بھی بتایا ہے کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو اسلام آباد، راول پنڈی، جہلم اور دیگر علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا ہے کہ بھارتی گجرات کے قریب موجود سرکولیشن کے باعث کراچی میں سمندری ہوائیں متاثر ہوئی ہیں جن کی وجہ سے کراچی میں آج حبس محسوس کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دوپہر میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں آج بارش ہو سکتی ہے، بحیرۂ عرب سے بادل شہر کی جانب آ سکتے ہیں۔
جواد میمن نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں 23 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان رہے گا۔
Comments are closed.