بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: گھر کے زیرِ زمین واٹر ٹینک میں گیس دھماکا، 6 مزدور زخمی

کراچی شرقی کے علاقے سچل میں ایک زیرِ تعمیر مکان کے پرانے اور بند زیرِ زمین واٹر ٹینک کی مرمت کے دوران گیس کے دھماکے سے 6 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے مستری کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایس ایچ او سچل گوٹھ اورنگزیب خٹک کے مطابق سچل تھانے کی حدود غازی گوٹھ کے بلاک ون میں غلام مجتبیٰ نامی شخص نے اپنے گھر کے پانی کے زیرِ زمین ٹینک کی مرمت کے لیے مزدور اور مستری بلوائے تھے۔

پولیس کے مطابق مستری اور مزدور پانی کے ٹینک کا ڈھکن اٹھا کر کام کے لیے نیچے اترے، اندھیرا ہونے کی وجہ سے انہوں نے ماچس کی تیلی جلائی تو وہاں قدرتی گیس جمع ہونے کی وجہ سے زوردار دھماکا ہو گیا۔

کراچی سرجانی ٹاون میں واقع مکان کے اندر پانی کے…

دھماکے کے نتیجے میں مستری عابد حسین، عبدالرزاق، جمن، گھر کا مالک غلام مجتبیٰ، غلام مصطفیٰ اور محمد احمد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مستری عابد حسین کی حالت تشویش ناک ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.