حساس اور تحقیقاتی اداروں نے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں مشترکہ آپریشن کے دوران قیمتی گاڑیوں کے امپورٹر کے گھر سے پاکستانی اور غیر ملکی بھاری کرنسی برآمد کر لی۔
حکام کے مطابق کارروائی تاجر عزیز سیکھا کے گھر پر 26 ستمبر کی رات 8 بج کر 45 منٹ پر کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں حساس ادارے کے ساتھ ایف آئی اے اور پولیس کی نفری بھی شامل تھی۔
عزیز سیکھا امپورٹڈ گاڑیوں کا کاروبار کرتا ہے، جس کے گھر کی نگرانی کے بعد کارروائی کی گئی۔
چھاپہ مار ٹیم کے مطابق نوٹوں کی گڈیاں تکیوں کے غلافوں میں چھپا کر رکھی گئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیز سیکھا کے گھر سے 23 ہزار ڈالرز، 2 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی، 5 لاکھ 49 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ اور 2 موبائل فون بھی برآمد ہوئے، تمام برآمد شدہ سامان ایف آئی اے کرائم سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کے تھانے میں مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.