پیر 29ذیقعد 1444ھ 19؍جون2023ء

کراچی کے معاملات کی نگرانی خود کروں گا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جو ہم پر دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں انہیں کارکردگی سے جواب دیں گے، ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنا میئر بنانے سے روکا گیا تھا، اس ملک کو کوئی شہر بچا سکتا ہے اور مسائل سے نکال سکتا ہے تو وہ کراچی ہے، اب اس کراچی کے معاملات کی نگرانی میں خود کروں گا۔

 کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ملک، جمہوریت اور شہر کیلئے جان کی قربانیاں دی ہیں، آج کا دن شہید جیالوں اور بینظیر بھٹو کے نام کرتے ہیں۔

حلف برداری کی تقریب میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری و دیگر بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی ماضی کے تمام میئرز کراچی سے بہتر ہوگی، کراچی کے شہری 5 سال بعد مجھ سے جواب لیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جماعت اسلامی کا سندھ اور قومی اسمبلی میں صرف ایک ایک رکن ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا وہ ہمارا کس طرح گھیراؤ کریں گے؟ 9 مئی کے حملوں کے بعد جماعت اسلامی کے لیڈر زمان پارک گئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو فلڈ ریلیف میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، پیپلز پارٹی کے کمیٹی ارکان کی آج رات حکومتی ٹیم سے دوبارہ ملاقات ہونی ہے، آصف زرداری وطن واپس آکر دوبارہ لاہور میں بیٹھیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یونان میں کشتی ڈوبنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، حکومتی ادارے غیر قانونی امیگریشن روکنے کی کوشش کر رہے تھے، ہم بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان سے غیر قانونی امیگریشن ہو، یورپی ممالک سے کہیں گے وہ قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کریں، یورپی ممالک کو ایسے معاملے میں بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ مسلم لیگ  سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے، میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے درمیان میثاق جمہوریت کو آگے بڑھائیں گے، سیاسی اختلاف ہوا بھی تو اسے ذاتی اختلاف میں بدلنے نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ مجھے مستقبل میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی اختلاف ہوتا نظر نہیں آرہا، اگر ہوا تو سیاسی یا پالیسی اختلاف ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.