کراچی کی فضا کو آج صبح سے بادلوں نے نرغے میں لے رکھا ہے، صبح سے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ معتدل موسم کی ضامن سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق ہوا کا واضح کم دباؤ بھارتی دارالحکومت دہلی کی جانب بڑھ چکا ہے اور مون سون سسٹم کے اثرات سندھ سے کافی حد تک ختم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سسٹم کے اثرات ختم ہونے کے باعث سمندری ہوائیں بھی بحال ہو گئی ہیں، سمندری بادلوں نے شہرِ قائد کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ صبح سویرے سمندری بادل شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا باعث بھی بنے ہیں جبکہ آئندہ 3 سے 4 روز موسم خوش گوار رہے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 19 یا 20 ستمبر کو ایک اور مون سون سسٹم خلیجِ بنگال میں بن سکتا ہے، تاہم سسٹم کے ٹریک کا اندازہ آئندہ کچھ دن میں کیا جا سکے گا۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں مغرب کی سمت سے 18 سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed.