بدھ 7؍محرم الحرام 1445ھ26؍جولائی 2023ء

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش جاری

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش جاری ہے، بارش کے باعث جل تھل ایک ہو گئے۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے۔

نیو کراچی، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں غیر معمولی بارش سے سڑکیں ندی نالے بن گئیں۔

برساتی پانی کے لیے قائم نالے ابل پڑے، پانی آبادیوں میں داخل ہونے لگا۔

سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح 5 فٹ بلند ہو گئی، مزید 5 فٹ پانی آ گیا تو اس سال بھی حب ڈیم مکمل بھر جائے گا۔

نالے بھرنے سے بارش کا پانی سڑکوں پر دریاؤں کا منظر پیش کرنے لگا۔

شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی کی مختلف سڑکوں پر بارش کے پانی کی وجہ سے متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہو گئیں۔

پاور ہاؤس چورنگی، دو منٹ چورنگی اور ناگن چورنگی کے اطراف سڑک پر درجنوں گاڑیاں بند ہو گئیں۔

بارش ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بحیرۂ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر بادل بن رہے ہیں، بادل بننے کی شدت برقرار رہی تو مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ آئندہ 1 گھنٹے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، شہر کے جنوبی علاقے میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.