بدھ 19؍شوال المکرم 1444ھ10؍مئی 2023ء

کراچی کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے بدترین دھاندلی کی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے بدترین دھاندلی کی۔ 

لاہور سے جاری اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ثابت کیا کہ سندھ کی حکمراں جماعت دھاندلی پارٹی ہے۔ لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی کا جمہوریت اور جہموری اقدار سے کوئی لینا دینا نہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر کراچی سے باہر کے غنڈوں کو لایا گیا۔ 

سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں بیلٹ باکسسز کو جادو کے ڈبوں میں تبدیل کر دیا گیا۔ کراچی ضمنی بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں رد و بدل کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں پر تشدد بدترین دہشت گردی ہے۔ پیپلز پارٹی نے پولنگ کے دوران اور بعد میں دہشت گرد حربے استعمال کیے۔ 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی اور خرید و فروخت کے ذریعے اقتدار میں آنے کی کوشش کرتی ہے۔ لوگوں کی رائے کو قبول کرنا پیپلز پارٹی کی سرشت میں نہیں۔ کراچی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو مسترد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شہر کے مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش باعث شرم ہے۔جماعت اسلامی ایسے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کراچی کی رائے کے تحفظ کو ہرحال میں یقینی بنایا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا ہم عوام کے حقوق کے تحفظ کےلیے تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ کراچی کے عوام کی ماضی میں بھی خدمت کی، آئندہ بھی کریں گے۔ جماعت اسلامی کراچی شہر کی روشنیوں کو بحال کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.