کراچی میں اسٹریٹ کرائم سے شہری تنگ آگئے ہیں، پولیس کے دعووں کے باجود شہر میں وارداتوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز منظر عام پر آنے لگی ہیں۔
اسٹریٹ کرائم کی سفاک وارداتیں کراچی کی دہشت ناک شناخت بن گئیں، دن رات جاری رہنے والی یہ وارداتیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔
شہریوں کے لٹنے کی متعدد سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی منظر پر آئی ہیں مگر پولیس ’ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے‘ کے دعووں سے آگے نہیں بڑھ پائی۔
یہ سی سی ٹی وی وڈیو صدر کے علاقے کی ہے، موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیرے، راہ چلتی خاتون کے نزدیک پہنچتے ہیں، ایک ملزم طلائی زیورات چھیننے کےلیے خاتون سے چھینا جھپٹی کرتا ہے، مزاحمت پر خاتون کو دھکا بھی دیا جاتا ہے، اور ملزم لوٹ مار کر کے فرار ہوجاتے ہیں۔
دوسری ویڈیو ڈیفنس کے علاقے میں گاڑی چوری سے متعلق ہے، ملزم اطمینان سے اطراف کا جائزہ لیتے ہوئے گلی میں آتا ہے، کار چراتا ہے اور رفو چکر ہوجاتا ہے، پولیس یہاں بھی مقدمے کے اندراج سے آگے نہیں بڑھی۔
ادھر نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں مارے گئے 2 افراد پر بھی یہی الزام ہے کہ وہ شہریوں کو لوٹ کر فرار ہورہے تھے۔
ہلاک ڈاکوؤں میں سے عبدالرحمان عرف غیبان خان 2 سال قبل ڈکیتی کے 2 مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔
Comments are closed.