بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش شروع

محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش شروع ہو گئی۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، صدر، سپر ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں بارانِ رحمت جاری ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا کم دباؤ وسطی بھارت میں ہے جس کے تحت کراچی سمیت مشرقی سندھ میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 18 اگست تک کراچی سمیت مشرقی سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 17 اور 18 اگست کو شدید بارش ہو سکتی ہے جس سے کراچی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ بالائی سندھ میں 19 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے تحت بلوچستان میں 21 اگست تک وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہو سکتی ہیں، کوئٹہ، سبی اور اطراف میں 20 اگست کو شدید بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے یہ بھی بتایا ہے کہ 23 یا 24 اگست کو مون سون کا ایک اور سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے موسلادھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپور خاص میں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بارش سے بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

بارش کے باعث کشمیر، خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری، چلاس، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.