کراچی میں مقیم ایک ڈاکٹر نے عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کے دوران بے روزگار افراد کو روزگار کی فراہمی کے لیے ایک ریسٹورنٹ کھولنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر سید دانیال جیلانی نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیشے کے اعتبار سے ایک ڈاکٹر ہونے کے باوجود اُنہوں نے ایک ریسٹورنٹ کھولنے کا فیصلہ کیوں کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ’میرے ریسٹورنٹ کھولنے کا مقصد منافع کمانا نہیں بلکہ ان لوگوں کی مدد کرنا تھا، جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوگئے تھے‘۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ’ایک ڈاکٹر ہونے کے ناتے میں اپنے آپ کو ایسے لوگوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرنے سے نہیں روک سکا جنہوں نے کورونا کی وبا کے دوران اپنی ملازمتیں کھو دیں‘۔
ڈاکٹر دانیال کا کہنا ہے کہ’میں ہمیشہ اپنے آپ کو اپنے مریضوں کی جگہ رکھ کر سوچتا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ جب میں نے لوگوں کو غیر معمولی مالی رکاوٹوں کے باعث خودکشی کرتے ہوئے دیکھا تو پھر مجھے یہ قدم اُٹھانا پڑا‘۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’میں نے ایک تجربے کے طور پر، جگہ کرائے پر لی اور یہ ریسٹورنٹ بلیوارڈ 13 کھولا‘۔
اُنہوں نے ریسٹورنٹ کے نام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بلیوارڈ اس جگہ کے لیے موزوں ہے جبکہ اس کے ساتھ ’13‘ کا اضافہ نبی کریم ﷺ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا ہے۔ کیونکہ حروف (M) انگریزی میں 13 واں حروف ہے۔
جیلانی نے بتایا کہ ’اُنہوں نے ریسٹورنٹ میں 14 افراد کو ملازمت دی اور ابھی تک کسی کو بھی ملازمت سے فارغ نہیں کیا ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’کوئی بھی وجہ ہو لیکن میری ہمت نہیں ہوئی کہ کسی بھی ملازم کو نوکری سے نکالا جائے کیونکہ یہ سب ابھی خود بہت چھوٹے ہیں اور صرف 18 سے 20 سال کی عمر میں اپنی فیلی کی ذمہ داری بھی اُٹھا رہے ہیں‘۔
Comments are closed.