کراچی کے ڈیری فارمرز نے آئندہ اتوار سے دودھ کی قیمت میں مزید 20 روپے بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے سرکردہ رہنما شاکر عمر گجر کے مطابق ڈیری فارمرز کا اجلاس ڈی سی ایف اے پاکستان کے دفتر میں ہوا، جس کی صدارت کیٹل کالونی سرکل کے صدر گل حسن سیٹھار نے کی۔
اجلاس میں دودھ کی بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں جانوروں کی نسل کشی کے باعث ان کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، اجناس کی قیمتیں اور دیگر اخراجات کے بڑھنے کے باوجود کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی قیمت بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں ڈیری فارمرز کی متفقہ رائے سے دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس پر صدر کیٹل کالونی سرکل گل حسن سیٹھار نے ڈیری فارمرز کی ایکشن کمیٹی تشکیل دی جس میں گل حسن سیٹھار، عرفان قریشی، ملک سلیم، ذوالفقار بھٹو، ساجد بیگ، عمران قریشی اور عبدالحمید گجر شامل ہیں۔
فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے گی اور سب کی رائے کے بعد 5 ستمبر کو دودھ کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا جائے گا۔
Comments are closed.