پیر7؍ذوالحجہ 1444ھ26؍جون 2023ء

کراچی: پی ٹی آئی نے مزید 7 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکال دیا، تعداد 24 ہوگئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مزید 7 بلدیاتی نمائندوں کو میئر کراچی کے الیکشن میں شرکت نہ کرنے پر پارٹی سے نکال دیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کراچی الیکشن میں عدم شرکت پر اب تک 24 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا جاچکا ہے۔

صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی کے مزید 7 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

پی ٹی آئی حکام کے مطابق پارٹی کے صوبائی صدر نے تحقیقات کے لئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارش پر فیصلہ کیا۔

پارٹی سے نکالے جانے والوں میں شاہ فیصل سے عبدالرحمان خان، صدر ٹاؤن سے طاہر پرویز اور منگھو پیر سے منید الرحمان، سہراب گوٹھ سے حیات اللّٰہ، کورنگی سے امجد حسین، منگھو پیر سے عاطف حیات اور سہراب گوٹھ سے دولت خان شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے لیے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔

اس سے قبل حلیم عادل شیخ کی جانب سے 17 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی پالیسی کے خلاف فیصلہ کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا تھا، اب تک 24 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.