بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: پولیس پر حملہ منظم دہشتگردی کی بڑی واردات نکلا

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 22 میں پولیس پر حملہ اسٹریٹ کرائم کی عام واردات نہیں بلکہ دہشت گردی کی منظم کارروائی ظاہر ہو رہا ہے۔

جیو نیوز کو پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موصول ہوئی ہیں، جس میں پولیس اہلکاروں کو گاڑی بھگا کر لے جاتے جبکہ ملزمان کو پولیس کی گاڑی کے پیچھے بھاگ بھاگ کر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، واقعےکے بعد پولیس نے اسے اسٹریٹ کرائم کی عام واردات قرار دیا تھا۔

فوٹیج میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ملزمان کو پولیس موبائل کو نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان سڑک پر کھلے عام پولیس موبائل کا راستہ روک کر فائرنگ کرتے نظر آتے ہیں۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کا موقع ہی نہ ملا اور انہوں نے راہ فرار اختیار کی، پانچ حملہ آوروں میں سے تین نے ہیلمٹ لگا رکھے تھے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سیاہ کوٹ پینٹ اور ٹائی پہنے بیگ پکڑے ملزم کو بھی فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایف بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس موبائل پر حملہ صبح 11 بج کر 2 منٹ پر کیا گیا تھا۔

فوٹیج کے مطابق پولیس موبائل نے جیسے ہی موڑ کاٹا وہاں موجود ملزم نے موٹر سائیکل سے اتر کر فائرنگ کی، فائرنگ کرنے والے ملزمان کو پولیس کے تعاقب میں بھاگتے فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم کے ساتھیوں نے بھی موٹر سائیکلوں سے اتر کر پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے بعد پانچوں ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، زخمی پولیس اہلکار کو 3 گولیاں لگی ہیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.