جمعہ14؍جمادی الاول 1444ھ 9؍دسمبر 2022ء

کراچی: پولیس اہلکار کا قتل، سوئیڈش سفارتخانے نے رپورٹ اپنی حکومت کو بھجوا دی

پاکستانی نژاد سوئیڈش شہری خرم نثار کے ہاتھوں کراچی کے پولیس اہلکار عبدالرحمٰن کے قتل پر سوئیڈن کے سفارت خانے نے رپورٹ اپنی حکومت کو بھجوا دی۔

پولیس حکام کے مطابق پاکستانی نژاد سویڈش شہری خرم نثار کے خلاف ممکنہ طور پر سوئیڈن میں سخت کارروائی کا امکان ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوئیڈن کے سفارتی عملے نے کراچی پولیس کے متعلقہ حکام سے مختلف قسم کی تفصیلی معلومات حاصل کیں، کلفٹن میں پولیس ملازم کے قتل کی تفتیشی دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک روز قبل پولیس اہلکار عبدالرحمٰن کے قتل کا ملزم خرم نثار بیرونِ ملک کیسے فرار ہوا، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ قتل کی وردات اور اس میں سوئیڈش شہری کے ملوث ہونے پر سفارت خانے نے تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس رپورٹ کے سوئیڈش حکومت کو ملنے کے بعد سوئیڈن میں ملزم کے خلاف سخت کارروائی متوقع ہے، جس سے انٹر پول کو ملزم کو پاکستان واپس لانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ سندھ کے سابق ڈپٹی کمشنر نثار احمد کا بیٹا خرم نثار دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب ہے۔

خرم نثار پر کلفٹن میں شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمٰن کے قتل کا الزام ہے۔

ملزم خرم نثار 21 اور 22 نومبر کی درمیانی شب واردات کے فوری بعد بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.