جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کراچی: پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ، راہگیر خاتون جاں بحق

کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نیو کراچی بلال کالونی سیکٹر فائیو ڈی میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران گشت پر مامور پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے۔

پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی، اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت حمیدہ کے نام سے کی گئی، جو اپنے شوہر کے ہمراہ قریبی قائم میڈیکل اسٹور پر آئی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائے گی کہ خاتون کس کی گولی سے جاں بحق ہوئی جبکہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے ہلاک اور زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.