پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری کراچی ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنالیے۔
مہمان ٹیم آسٹریلیا نے 251 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔
دن کے پہلے سیشن میں پاکستان کے فہیم اشرف نے 38 رنز بنانے والے نیتھن لیون کو بولڈ کیا۔
میچ میں کھانے کے وقفے کے فوری بعد اسپنر ساجد خان نے 23 رنز بنانے والے ٹریویس ہیڈ کو ایل بی ڈبلیو کیا۔
مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ ان فارم بلے باز عثمان خواجہ کی تھی انہیں 160 کے انفرادی اسکور پر ساجد خان نے عمدہ اسپن کے ساتھ بولڈ کیا۔
ان کے فوری بعد کیمرون گرین بھی 28 رنز پر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کیریئر میں دوسری وکٹ لیتے ہوئے الیکس کیری کے سنچری کے خواب کو چکنا چور کیا، جو نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 93 رنز بنا کر بابر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کراچی ٹیسٹ میں دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنالیے تھے۔
چونکہ مہمان ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی جانب سے اننگز کو ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا اس لیے ناٹ آؤٹ بلے باز مچل اسٹارک کے ساتھ وہ تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
گزشتہ روز کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے اہم ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹیسٹ کے پہلے دن پچ بیٹنگ کے لیے سازگار رہی اور بولروں کو زیادہ مدد نہیں ملی۔
Comments are closed.