کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنالیے، امام الحق 74 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، اعجاز پٹیل اور میٹ ہنری کے درمیان آخری وکٹ پر 104رنز کی شراکت ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا جو زیادہ دیر تک ٹیم کے لیے رنز نہ بنا سکا اور قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 27 رنز پر گر گئی۔
میٹ ہنری نے عبداللّٰہ شفیق کو 19 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا، جس کے بعد پاکستان ٹیم کی دوسری وکٹ 56 رنز پر گری۔
شان مسعود 20 رنز پر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے پارٹنرشپ قائم کرنے کی کوشش کی تاہم غلط فہمی کے باعث یہ کوشش 99 رنز پر نقصان میں تبدیل ہوگئی جب بابر اعظم 24 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم نے دوسرے دن کھیل کا آغاز اچھے انداز میں کیا اور 9 گیندوں بعد ہی پہلی اور مجموعی طور پر نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ حاصل کی۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اش سودھی کو 11 رنز پر بولڈ کیا۔
پہلے ہی سیشن میں نیوزی لینڈ کے 340 کے اسکور پر ابرار احمد نے ٹام بلنڈل کو 51 رنز پر بولڈ کیا جس کے کچھ ہی دیر بعد ایک مرتبہ پھر ابرار نے پاکستان کے لیے وکٹ حاصل کی۔
ابرار احمد نے 345 رنز پر نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے ٹِم ساؤتھی کو 10 رنز پر اسٹمپ آؤٹ کرایا۔
کیوی ٹیم کے آخری دو بیٹرز میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کے درمیان 104 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد دوسرے سیشن میں نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔
انہوں نے اعجاز پٹیل کو 35 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جبکہ میٹ ہنری 68 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 122، ٹام لیتھم 71 اور ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4، نسیم شاہ اور آغا سلمان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں ۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 309 رنز بنائے تھے۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان آغا، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔
Comments are closed.