پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 12مارچ سے جاری ٹیسٹ میچ کا آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آخری روز ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری اور پانچویں دن پاکستان کو جیت کے لئے 314 رنز جبکہ آسٹریلیا کو 8 وکٹ درکار ہیں۔
کراچی ٹیسٹ کے کھیل کا جب چوتھا دن ختم ہوا تو پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 506 رنز کے ہدف کے جواب میں 2 وکٹ پر 192 رنز بنا لئے تھے۔ بابر اعظم 102 اور عبداللّٰہ شفیق 71 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے مکمل روز آسٹریلیا نے بیٹنگ کرتے ہوئے 90 اوورز میں 3 وکٹ پر 251 رنز بنائے تھے جبکہ دوسرے روز بھی مکمل آسٹریلیا نے ہی بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنا مجموعی اسکور 505 پر پہنچا دیا تھا جس کے بعد تیسرے دن آسٹریلیا نے 556 رنز پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کا موقع دیا تھا۔
جواب میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے بعد آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 97 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں ڈرا ہوچکا ہے۔
Comments are closed.